شہبازشریف کااردگان کوآموں کاتحفہ،خوشگوارگفتگو

Jun 04, 2023 | 12:23 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز:وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر کو تحفے میں آم دیتے ہوئے ایسی بات کہہ دی کہ طیب اردوان اور اہلیہ بے ساختہ مسکرا دیئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی صدر طیب اردوان اور ان کی اہلیہ کے ساتھ خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی، شہباز شریف نے کہا کہ آپ کیلئے آموں کا تحفہ لایا ہوں۔ آدھے آم بھائی کیلئے اور آدھے بہن کیلئے ہیں۔ شہباز شریف کے ایسا کہنے پر طیب اردوان اور ان کی اہلیہ بے ساختہ مسکرا اٹھے۔ ترک صدر نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ پاکستان کے آم بہت میٹھے اور لذیذ ہوتے ہیں۔

شہباز شریف نے  طیب اردوان کو مزید کہا کہ پاکستان کے عوام آپ کے ایک مرتبہ پھر انتخاب پر بہت خوش ہیں، ترکی کے عوام سے بھی زیادہ۔ جواب میں صدر اردوان نے نیک تمناؤں کے اظہار پر شہباز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

 وزیراعظم نے  صدر اردوان کی تقریب حلف برداری کے موقع پر مختلف ممالک کے قائدین سے ملاقاتیں کیں، وزیراعظم کی ترکیہ کے سابق نائب وزیراعظم اور ایم ایچ پی پارٹی کے چیئرمین دولت باھچیلی سے ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے صدر ایردوان کے ہمراہ انتخابات میں بھرپور کامیابی پر مبارک پیش کی۔صدر ایردوان کی حلف برداری کی تقریب سے روانگی کے موقع پر گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور صدر اور بیگم ایردوان میں دلچسپ گفتگو ہوئی۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ میں اب واپس روانہ ہو رہا ہوں۔ پاکستان کے عوام آپ کے انتخاب پر بہت خوش ہیں، ترکی کے عوام سے بھی زیادہ۔ آپ کی دعوت کا بہت شکریہ، آپ نے اپنی خوشیوں میں ہمیں شریک کیا۔  

اسی طرح، وزیراعظم شہباز شریف اور جمہوریہ کوسوو کی صدر وجوسہ عثمانی سادیرو کی ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔

ایران کے اول نائب صدر محمد مخبر سے بھی وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان اور سیستان سرحد پر مارکیٹ کے قیام اور ایران کے صدر سے اپنی حالیہ ملاقات کا حوالہ دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی نائب صدر سے گفتگو میں کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان بارٹر ٹریڈ ایک خوش آئند پیش رفت ہے جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ ہوگا۔

ازبکستان کے صدر شفقت مرزایوف سے بھی وزیراعظم شریف کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی تعاون، خطے کو رابطوں سے جوڑنے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی رفتار تیز کرنے پر بات چیت کی۔

مزیدخبریں