پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں غیرمعمولی کمی، تشویشناک خبر آگئی

Jun 04, 2023 | 12:13 PM

ایک نیوز: ملک بھر میں رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 26 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ 

آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) اور انڈسٹری کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2022 سے لے کر مئی 2023 تک کی مدت میں ملک میں 15.26 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔ یہ اعدادوشمار گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 26 فیصد کم ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال کی اس مدت میں ملک میں 20.62 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق مئی کے مہینے میں ملک میں 1.30 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت ریکارڈ ہوئی جو گزشتہ سال مئی کے مقابلے میں 40 فیصد کم ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق اپریل کے مقابلے میں مئی میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں 11 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اپریل میں ملک بھر میں 1.17 ملین ٹن پیٹرولیم مصنوعات فروخت ہوئیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں ملک بھر میں پیٹرول کی فروخت میں 18 فیصد، ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 29 فیصد اور فرنس آئل کی فروخت میں 45 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی۔

مزیدخبریں