بجلی کا شارٹ فال بلندترین سطح‌پر ، 14،14 گھنٹے لوڈشیڈنگ، عوام بلبلا اٹھی

بجلی کا شارٹ فال بلندترین سطح‌پر ، 14،14 گھنٹے لوڈشیڈنگ، عوام بلبلا اٹھی
ایک نیوز نیوز:‌ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 865 میگا واٹ کی بلند ترین سطح‌پر پہنچ گیا جس کے بعد لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی 14 گھنٹے سے زائد کا ہوگیا ہے، شدید گرمی میں‌بجلی کی بندش نے عوام کی چیخیں نکلوادی ہیں.
بجلی کی طویل بندش اور شدید گرمی کی وجہ سے شہریوں کا جینا محال ہو گیا، نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی، پورا دن بجلی کی آنکھ مچولی سے صارفین تنگ آگئے، کم وولٹیج کی وجہ سے اشیاء خراب ہونے لگی ہیں۔
اس وقت ملک میں‌بجلی کی مجموعی پیداوار 19 ہزار 135 میگا واٹ ہے جبکہ بجلی کی کل طلب 26 ہزار میگا واٹ ہے. بجلی کی کم پیداوار کا خمیازہ عوام کو لوڈشیڈنگ کی صورت میں بھگتنا پڑ رہاہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پانی سے 4 ہزار 622 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے. سرکاری تھرمل پلانٹس ایک ہزار 134 میگا واٹ بجلی پیدا کررہے ہیں. نجی شعبے کے بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار 9 ہزار 377 میگاواٹ ہے، ونڈ پاور پلانٹس سے ایک ہزار 415 میگا واٹ بجلی بن رہی ہے جبکہ سولر پلانٹس سے پیداوار 113 میگا واٹ ہے۔
محکمہ توانائی کے مطابق بگاس سے چلنے والے پلانٹس 190 میگا واٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، جوہری ایندھن سے 2 ہزار 284 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔
بجلی کی کم پیدوار کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں میں 14 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جبکہ آئیسکو کو بھی 550 میگا واٹ شارٹ فال کا سامنا ہے، اسلام آباد ریجن میں بھی 8 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، زیادہ نقصانات والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔