وزیراعلی پنجاب نے لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا۔ عثمان بزدار نے خود گاڑی ڈرائیو کی اور اکیلے ہی بعض علاقوں میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام پر پیش رفت کے حوالے سے صفائی انتظامات کا مشاہدہ کیا۔
عثمان بزدار نے شہر کے بعض علاقوں میں صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران علی سلطان کو عہدے سے ہٹا دیا جبکہ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی عمران علی سلطان کو فوری طور پر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جو افسر عوامی مسائل حل نہیں کر سکتا وہ پنجاب چھوڑ دے، صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، شہر کے دورے کے دوران صفائی کی خراب صورتحال دیکھ کر ایل ڈبلیو ایم سی کی کارکردگی پر افسوس ہوا، لاہور میں صفائی کی صورتحال کے بارے کچھ عرصے سے شکایات مل رہی تھیں، لاہور پاکستان کا دل ہے اور دل کو صاف ستھرا رکھنا ضروری ہے۔