اسلام آباد، ہسپتال  عملے کی مجرمانہ غفلت،نومولود کی ٹانگیں جھلس گئیں

اسلام آباد، ہسپتال  عملے کی مجرمانہ غفلت،نومولود کی ٹانگیں جھلس گئیں
کیپشن: Islamabad, criminal negligence of the hospital staff, the legs of the newborn were burnt

ایک نیوز :وفاقی دارلحکومت کے پرائیویٹ ہسپتال میں  عملے  کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے نومولود بچی کی ٹانگیں  جھلس جانے کا دل خراش واقعہ پیش آیا ہے۔ 

اسلام آباد کے علاقے ترامڑی  میں واقع نجی  ہسپتال ( ڈاکٹر شکیلہ اسپتال ) میں عملے کی سنگین اور مجرمانہ غفلت  کے  نتیجے میں انکیوبیٹر میں رکھی ہوئی نومولود بچی کی ٹانگیں  بری  طرح جھلس گئیں۔

 نومولود بچی کے والدسید احسن کا کہنا تھا کہ پری میچور ہونے کی وجہ سے بچی کو  انکیوبیٹر میں رکھوایا تھا، اور جب ایک دن کے بعد دیکھا تو اس  کے پاؤں اور ٹانگیں مکمل طور پر جھلسی ہوئی تھیں۔

  نومولود کے والد  کا مزید کہنا تھا کہ اسپتال کے عملے کی جانب سے بچی کو الرجی ہوجانے  کا کہہ کر پٹی باندھ کر زخم چھپانے کی کوشش کی گئی، جب دوسرے اسپتالوں میں لے گئے تو ڈاکٹروں نے بچی کی ٹانگوں کی حالت کو الرجی نہیں بلکہ جلنا قرار دے دیا۔

سیداحسن کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اور اسپتال  کے عملے کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے اس کی نومولود بیٹی کی دونوں ٹانگیں ضائع ہوگئی ہیں، حکام نوٹس لیں اور انصاف دلائیں۔

 دریں اثنا متاثرہ بچی کو پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (  پمز ) کے برن سینٹر میں منتقل کردیا گیا ہے، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچی کی دونوں ٹانگیں جھلسی ہوئی ہیں اور خدشہ ہے کہ وہ چل نہیں پائے گی۔