ایک نیوز :ہتک عزتی کیس میں جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے کانگرس کے رہنما راہل گاندھی کے خلاف سزا کی کارروائی معطل کرنے کاحکم دیدیا ۔کیس آئندہ سماعت 16 اگست کو ہوگی ۔
یادرہےراہل گاندھی نے 2019 میں کرناٹک میں ایک جلسہ کے دوران اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’سبھی چوروں کا سر نیم مودی ہی کیوں ہے؟‘ راہل گاندھی کے اس بیان کے بعد ان کے خلاف ملک میں الگ الگ جگہوں پر ہتک عزتی کے مقدمات درج کیے گئے تھے۔
راہل گاندھی کے خلاف جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں ہتک عزتی کے اس معاملے پر جسٹس سنجے کمار دویدی کی عدالت میں سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران سبھی فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے عرضی داخل کرنے والے پردیپ مودی کو جواب پیش کرنے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی عدالت نے راہل گاندھی کو ریلیف دیتے ہوئے آئندہ سماعت تک کسی بھی سزا کی کارروائی روک دی ہے۔
رانچی میں بی جے پی لیڈر پردیپ مودی نے راہل گاندھی کے خلاف ہتک عزتی کا مقدمہ درج کرایا ہے۔ معاملے کی سماعت ایم پی/ایم ایل اے کورٹ میں چل رہا تھا۔ اس کورٹ نے راہل گاندھی کو ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت دی تھی۔ عدالت کے اس فیصلے کو راہل گاندھی نے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ اسی معاملے میں آج ہائی کورٹ نے سماعت کی۔
واضح رہے کہ راہل گاندھی کو ’مودی سر نیم‘ والے بیان کی وجہ سے سورت سیشن کورٹ سے 2 سال کی سزا مل چکی ہے۔ اس سزا کی وجہ سے عوامی نمائندہ قانون کے تحت راہل گاندھی کی پارلیمانی رکنیت چلی گئی تھی۔