ایک نیوز :استحکام پاکستان پارٹی کی انتخابات میں اترنے کی تیاریاں جاری ہیں، پارٹی نے امیدواروں کے چناؤ کے لئے پارلیمانی بورڈ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق پارلیمانی بورڈ سیاسی رہنماوں کے انٹرویوز کرکے سفارشات پیش کرے گا اور ناموں کو حتمی شکل دیکر منظوری کے لئے جہانگیر ترین اور عبداالعلیم خان کو نام دے گا۔جولائی کے تیسرے ہفتے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی جائیں گی، پارلیمانی بورڈ کی پہلی ترجیح پارٹی میں شامل ہونے والے سابق پارلیمنٹرینز ہوں گے۔
دوسری جانب استحکام پاکستان پارٹی قیادت کی آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں مشاورت جاری ہے۔جہانگیر خان ترین سے پارٹی سیکرٹری جنرل عامر کیانی اور مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عون چوہدری نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور استحکام پاکستان پارٹی کے آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کے بارے میں بات چیت کی گئی۔
عامر کیانی اور عون چوہدری نے مختلف سیاسی شخصیات سے رابطوں کے بارے میں جہانگیرترین کو اعتماد میں لیا۔پارٹی قیادت کی مشاورت میں استحکام پاکستان پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ملاقات میں پارٹی کی الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن، ممبر سازی مہم اور دیگر امور پر بھی حکمت عملی پر بات چیت کی گئی۔
جہانگیرترین کاکہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی بھرپور سیاسی قوت سے آئندہ انتخابات کے میدان میں اترے گی، استحکام پاکستان پارٹی عوام کی آواز بنے گی، استحکام پاکستان پارٹی کے منشور میں ملک میں درپیش چیلنجز کا حل تجویز کیا جائے گا، استحکام پاکستان پارٹی ملک میں تعمیری سیاست کرے گی۔