حکومت کا یوم تقدیس قرآن منانے اور سویڈن واقعے کیخلاف احتجاج کا اعلان

حکومت کا یوم تقدیس قرآن منانے اور سویڈن واقعے کیخلاف احتجاج کا اعلان
کیپشن: The government's announcement to celebrate the Holy Quran Day and to protest against the Sweden incident

ایک نیوز: حکومت نے 7 جولائی کو یوم تقدیس قرآن منانے اور سویڈن واقعے کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس معاملے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے معاملے پر غور کیاگیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ  جمعہ 7 جولائی کو یوم تقدیس قرآن منایا جائے گا اور  سویڈن واقعے کے خلاف ملک گیر احتجاج ہوگا۔

وزیراعظم نے تمام جماعتوں سمیت پوری قوم سے احتجاج میں شریک ہونے کی اپیل کی ہے اور کہا کہ پوری قوم ایک زبان ہوکر شیطانی ذہنوں کو پیغام دے گی۔

شہبازشریف کا کہنا تھاکہ جمعے کو ملک بھر میں سویڈن واقعے کی مذمت میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں۔

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ

اس کے علاوہ وزیراعظم نے جمعرات کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سویڈن واقعے پر قومی لائحہ عمل مرتب کیا جائے، پارلیمنٹ کے فورم سے قوم کے جذبات اور احساسات کی بھرپور ترجمانی کی جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں مشترکہ قراردادمنظور کی جائے۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھاکہ قرآن کریم کی عزت وحرمت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس کیلئے ہم سب ایک ہیں، گمراہ ذہن اسلاموفوبیا کے منفی رجحان کو پھیلاکر مذموم ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کی امن پسند، بقائے باہمی پر یقین رکھنے والی اقوام اور قیادت اسلاموفوبیا کا شکار اور مذہبی تعصبات کی حامل متشدد قوتوں کا راستہ روکیں۔

ان کا کہنا تھاکہ مذہب، مقدس ہستیوں، عقائد اور نظریات کو نشانہ بنانے والے متشدد ذہن دنیا کے امن کیلئے خطرہ ہیں، عالمی سطح پر پرامن، متوازن اور بین المذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھنے والی قوتیں مل کر ایسے رجحانات اور واقعات کے تدارک کیلئے کام کریں۔

وزیراعظم نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو جمعے کے دن یوم تقدیس قرآن میں بھرپور شرکت  کرنے اور ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالنے کی بھی ہدایت کی۔

خیال رہے کہ 28 جون کو سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کی مسجد کے باہر عید الاضحیٰ کے روز قرآن پاک کو نذرآتش کرنے اور بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔

مقامی پولیس کی سخت سکیورٹی میں عراقی شہری نے مسجد کے باہر قرآن پاک کو نذر آتش کیا اور مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کی۔

قرآن پاک کی بے حرمتی پر دنیا بھر میں مسلمان سراپا احتجاج ہیں، مراکش نے اپنا سفیر بھی واپس بلا لیا ہے۔