ایک نیوز: نگران وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی کا جناح ہسپتال کا 3گھنٹے طویل دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی ہسپتال کی حالت زار پرسخت برہم ہوگئے اور ایم ایس کو فوری طورپر تبدیل کرنے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے پرنسپل سے 3 دن میں جواب طلب کر لیا۔ محسن نقوی نے جناح ہسپتال میں سینئر پروفیسر کی عدم موجودگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری انکوائری کا حکم دیدیا۔ اس کے علاوہ پارکنگ میں اوور چارجنگ کرنے پر ٹھیکیدار کا کنٹریکٹ منسوخ، کنٹریکٹ لاہور پارکنگ کمپنی کو دینے کا حکم بھی دیدیا۔
دیواروں اور چھتوں پر سیم، تہہ خانے میں پانی،نہ ادویات، نہ طبی ٹیسٹ، مریض وزیراعلیٰ محسن نقوی کے سامنے پھٹ پڑے۔ مریضوں اور تیمارداروں نے شکایات کرتے ہوئے بتایا کہ یورن بیگ اور ڈرپ سیٹ بھی باہر سے لانا پڑتا ہے۔ بیڈز اور بینج میں کھٹمل اور زمین پر کاکروچ پائے جاتے ہیں۔
مریضوں نے الزام عائد کیا کہ انہیں مخصوص لیب سے ٹیسٹ کروانے پر مجبور کیاجاتاہے۔ ایم ایس ڈاکٹر امجد محمود ادویات نہ ملنے، پرائیویٹ لیبز سے ٹیسٹ کرانے کے سوال کا جواب نہ دے سکے۔
پینے کیلئے پانی نہیں،پیاس لگے توباہر جانا پڑتا ہے، خاتون مریضہ نے وزیراعلیٰ کے سامنے دہائی دیدی۔ محسن نقوی کا کوریڈور میں پڑی ہوئی پرانی اشیاء کو فوری طورپر سٹور میں شفٹ کرنے کاحکم دیدیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال کی حالت کو بہتر بنانے کے حوالے سے ماسٹر پلان طلب کر لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مختلف وارڈز اور ویٹنگ روم میں مریضوں اورتیمارداروں سے خود صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔
نگران وزیراعلیٰ نے میڈیکل یونٹ،چلڈرن او پی ڈی، ایمرجنسی، سرجیکل وارڈکا معائنہ کیا۔ انجیوگرافی روم، سی سی یو، پرائیویٹ رومز، ڈائلسز یونٹ، یورالوجی وارڈ، آرتھوپیڈک وارڈ، مفت ادویات کاؤنٹر اور ہیلتھ کارڈ کاؤنٹر کا بھی وزٹ کیا۔ محسن نقوی نے ادویات کے سٹور روم، لانڈری اور تہہ خانے کا بھی معائنہ کیا اور تہہ خانے میں موجود پانی کو نکالنے کے حوالے سے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے معروف بزنس مین گوہر اعجاز کے تعاون سے بنائے گئے شیخ اعجاز احمد ڈائلسز یونٹ کا دورہ کیا اور وہاں علاج معالجے کی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ مریضوں نے بھی شیخ اعجاز احمد ڈائلسز یونٹ میں فراہم کردہ طبی سہولتوں کی تعریف کی۔
محسن نقوی نے برن یونٹ کا بھی دورہ کیااور برن یونٹ میں بیڈز کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے گوہر اعجاز کی جانب سے بنائے گئے مہمان خانے اور پناہ گاہ کا بھی معائنہ کیا۔ مہمان خانے میں موجود مرد و خواتین اور بچو ں سے کھانے کے معیار کا پوچھا۔ مہمان خانے میں موجود مرد وخواتین نے کھانے کے معیارکی تعریف کی۔
اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ جناح ہسپتال کی صورتحال دیکھ کر بہت افسوس ہوا۔ ہسپتال میں علاج معالجے اور دیگر ضروری سہولتوں کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ مریضوں کو ادویات ہسپتال کے اندر سے ملنی چاہئیں اور ان کے ٹیسٹ بھی ہسپتال کی لیب سے ہونے چاہئیں۔ جلد دوبارہ جناح ہسپتال کا دورہ کروں گا۔
صوبائی وزراء عامر میر، ڈاکٹر جاوید اکرم، چیف سیکرٹری، سیکرٹری فنانس، تعمیرات و مواصلات، صحت، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔