ایک نیوز :فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی مرکزی کمپنی میٹا نے اپنا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے ٹوئٹر کا متبادل’’ تھریڈز‘‘ تیار کر لیا۔
میٹا کا یہ ٹوئٹر متبادل جمعرات کو امریکا میں اور جمعہ کو باقی دنیا کے لیے جاری کیا جائے گا۔اس ایپلی کیشن کا مرکزی مقصد ٹوئٹر سے مایوس ہونے والے افراد کو اپنی جانب متوجہ کرنا ہے۔
ایپ کی خاص بات یہ ہے کہ میٹا نے اسے انسٹاگرام سے منسلک کیا ہے اور ممکنہ طور پر صارفین انسٹاگرام پر موجود اپنے فالوورز کو نئے پلیٹ فارم پر منتقل کر سکیں گے۔صارفین کے لیے انسٹاگرام کے مواد کو نئی ایپلی کیشن پر شیئر کرنے کے سہولت بھی میسر ہو گی۔
ایپلی کیشن کے متعارف کرائے جانے کی خبر کے ساتھ ہی سماجی رابطوں کی سائیٹ ٹوئٹر پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے گئے۔صارفین کی جانب سے نئے پلیٹ فارم کو سراہا بھی جا رہا ہے ۔
صارفین کا کہنا ہے کہ فیس بک کی جانب سے متعارف کرایا گیا ٹوئٹر کا یہ متبادل بہت فائدہ مند ثابت ہو گا کیونکہ صارفین اپنی خواہشات کے عین مطابق فیصلے بھی کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کا انتظام ایلون مسک کی جانب سے سنبھالے جانے کے بعد اس میں متعدد تبدیلیاں کی گئیں جس پر اکثر صارفین نا خوش اور ایلون مسک پر تنقید کرتے نظر آتے تھے۔ اور اس لیے فیس بک نے ٹوئٹر کو ٹکر دینے کے لیے دسمبر 2022 میں ہی متبادل پلیٹ فارم کی تیاری پر کام شروع کردیا تھا۔