وزیراعلیٰ خالد خورشید کی نااہلی: پی ٹی آئی کا بڑا اعلان، وزیراعظم بھی متحرک

Jul 04, 2023 | 17:59 PM

ایک نیوز: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی نااہلی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف نے بڑا اعلان کردیا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سیاسی مشاورت کے لیے اہم شخصیات کو طلب کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا وزیراعلیٰ خالد خورشید کیخلاف تحریک عدمِ اعتماد اور ان کی نااہلی کے معاملے کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے گلگت بلتستان کی پارلیمانی پارٹی کو ہدایات جاری کر دیں۔ 

پاکستان تحریک انصاف کے منتخب نمائندوں کو گلگت بلتستان اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل ہے۔ گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اہم ترین اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایات کی روشنی میں بھرپور سیاسی و پارلیمانی حکمتِ عملی مرتب کی جائے گی۔ گلگت بلتستان کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین، اور مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی کوششوں کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ گلگت بلتستان کے منتخب وزیراعلیٰ کیخلاف بیک وقت دوہری یلغار کا پورا مقابلہ کیا جائے گا۔ 

تحریک انصاف وزیراعلیٰ خالد خورشید کی نااہلی کے فیصلے کے گہرے تجزیے کے بعد بھرپور قانونی حکمت عملی اختیار کرے گی۔ 

گلگت بلتستان کونسل میں تحریک عدمِ اعتماد کے ضمن میں بھی منصوبہ بندی و تیاری کو حتمی شکل دیکر پی ٹی آئی چیئرمین کی منظوری کیلئے پیش کی جائے گی۔ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی وزراتِ اعلیٰ کے لئے متفقہ امیدوار کی نامزدگی کے عمل کو بھی مکمل کرے گی۔ 

ترجمان پاکستان تحریک انصاف کے مطابق پاکستان میں آئین اور جمہوریت کا قتلِ عام جاری ہے، وفاق اور آزاد جموں و کشمیر میں اکثریتی حکومتوں کا خون کرنے کے بعد آمریت کے کارندے گلگت بلتستان میں عوامی مینڈیٹ کو ذبح کرنے کیلئے آگے بڑھے ہیں، منتخب نمائندوں کو پیسے کے لالچ اور بدترین انتقام کے خوف کی زنجیروں میں جکڑ کر جمہوریت کی آبرو ریزی کی رسم پروان چڑھائی جارہی ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے مینڈیٹ پر ڈالا جانے والا ڈاکہ ہرگز قبول نہیں کریں گے۔ تحریک انصاف کو گلگت بلتستان میں فیصلہ کن اکثریت حاصل ہے، اقلیت میں بدلنے کے خواہاں سازش کار ناکام ہوں گے۔ گلگت بلتستان کے عوام تحریک انصاف کے ساتھ ہیں، اپنی حکومت پر حملے کا بھرپور جواب دیں گے۔

گلگت بلتستان میں بدلتی سیاسی صورتحال پر وفاقی حکومت بھی متحرک ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال پر تین رکنی کمیٹی قائم کردی، کمیٹی وفاقی وزیر احسن اقبال، وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ  اور مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے صدر حافظ حفیظ الرحمن شامل ہیں۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کمیٹی کو فوری کام شروع کرنے اور سیاسی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کمیٹی گلگت بلتستان میں وزیراعلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر امور کا جائزہ لے گی۔ وزیر اعلی خالد خورشید کی عدالت سے نااہلی کے بعد کی صورتحال پر سفارشات مرتب کی جائیں گی۔ 

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مسلم لیگ ن گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کو طلب کیا تھا۔ موسم کی خرابی کے باعث سابق وزیراعلی حافظ حفیظ الرحمن اسلام آباد روانہ نہیں ہو سکے۔ وزیراعظم نے ویڈیو لنک پر حافظ حفیظ اور دیگر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی، وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے وزیراعلی کی نااہلی کے فیصلے کو میرٹ پر قرار دیدیا۔

مزیدخبریں