ایف آئی اے کی کارروائی: یونان کشتی حادثہ میں ملوث مزید 3 انسانی سمگلرز گرفتار

Jul 04, 2023 | 17:29 PM

ایک نیوز: لاہور ایف آئی اے لاہور زون کا انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات نے یونان کشتی حادثے میں ملوث 3 انسانی سمگلرز کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے انسانی سمگلرز کو کھاریاں اور پھالیہ سے گرفتار کیا۔ انسانی سمگلروں نے شہریوں کو بیرون ملک یورپ کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے بٹورے۔ گرفتار ملزمان میں نصر اقبال، رزاق اور طارق محمود شامل ہیں۔ 

ذرائع کے مطابق انسانی سمگلر پاکستان سے لیبیا اور لیبیا سے یونان بذریعہ کشتی بھجوانے میں ملوث تھے۔ ملزمان کے خلاف کارروائی متاثرین کے لواحقین کی نشاندہی پر کی گئی۔

ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ یونان کشتی حادثے میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیا جاچکا ہے۔ اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گجرات نے یونان کشتی حادثے میں اب تک 87 مقدمات درج کئے ہیں۔ ایف آئی اے گجرات سرکل نے اب تک 19 انسانی سمگلرز کو گرفتار کیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر طارق مسعود کی زیر نگرانی ٹیمیں مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری رکھے ہیں۔ ٹیمیں مختلف علاقوں میں انٹیلیجنس بیسڈ کارروائیاں کر رہی ہیں۔ چھاپہ مار ٹیمیں ملزمان کی گرفتاری کے لئے لواحقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تکنیکی وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ گرفتار ملزمان کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

مزیدخبریں