وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نااہل قرار

khalid khurshid cm G&B
کیپشن: khalid khurshid cm G&B
سورس: google

 ایک نیوز : چیف کورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں وزیر اعلی گلگت بلتستان کو ناہل قرار دیدیا۔

 رپورٹ کے مطابق چیف کورٹ نے وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کی ڈگری کو جعلی قرار دیا ۔غلام شہزاد آغا کی رٹ پٹیشن پر تین رکنی بینچ نے دلائل سننے کے بعد نااہلی کا متفقہ فیصلہ سنایا۔بنچ کی سربراہی ریٹائرڈ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سردار شمیم خان کررہے تھے جو کہ  چیف جج گلگت بلتستان ہیں ۔

خالد خورشید کے مقابلے میں الیکشن لڑنے والے پیپلز پارٹی کے عبدالحمید اور (ن) لیگ کے رانا فرمان علی نے خالد خورشید کی ڈگری کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا تھا جس پر چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعلیٰ کو نوٹس جاری کردیا تھا۔پیپلز پارٹی کے رکن گلگت بلتستان اسمبلی غلام شہزاد آغا نے وزیراعلیٰ خان کی لا ڈگری کو چیلنج کرتے ہوئے آئین پاکستان کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ان کی نااہلی کا مطالبہ کیا تھا۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی ڈگری لندن کی تھی لیکن لندن کی یونیورسٹی کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی تھی۔

یادرہےاپوزیشن کے 9 ارکان نے وزیراعلیٰ کے خلاف آج تحریک عدم اعتماد جمع کرائی  تھی ۔خالد خورشید کے خلاف تحریک عدم اعتماد گلگت بلتستان کی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروائی گئی ہے۔گلگت بلتستان اسمبلی میں اپوزیشن کے 9 ارکان نے وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ہے۔

خالد خورشید  کی نااہلی کے ساتھ ہی گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کی حکومت بھی تحلیل ہوگئی۔

پی ٹی آئی جس کی کبھی مرکز، پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں حکومت تھی، اب ملک بھر میں اقتدار سے مکمل طور پر باہر ہو چکی ہے۔