190ملین پاؤنڈ کرپشن کیس،چیئرمین پی ٹی آئی کی 13جولائی تک ضمانت میں توسیع

Jul 04, 2023 | 15:05 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز:  احتساب عدالت نے190ملین پاؤنڈ کرپشن کیس اور توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی 13جولائی تک ضمانت میں توسیع کر دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق احتساب عدالت میں 190ملین پاؤنڈ کرپشن کیس اور توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔  احتساب عدالت کے جج محمد بشیر سماعت کی. چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ آج نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو طلب کررکھا ہے، آج پہلی بار نیب نے دونوں کو ایک ہی دن طلب کیا ہے۔ 

خواجہ حارث نےدلائل کیلئے مزید وقت دینے کی استدعا کی۔ خواجہ حارث نے کہا کہ آج ہم نے دیگر عدالتوں میں بھی پیش ہونا ہے۔ضمانتوں کی درخواست پر دلائل آئندہ تاریخ پر دوں گا، عدالت چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کرے۔ 

نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہاکہ بشریٰ بی بی کو 4نوٹسز کئے، پہلے 3نوٹسز پر وہ پیش نہیں ہوئیں،آج کا پتہ نہیں کہ بشریٰ بی بی پیش ہوتی ہیں کہ نہیں۔ دو ماہ ہو چکے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر آج دلائل دیں ۔چیئرمین پی ٹی آئی کو بار بار نوٹس بھیج رہے ہیں لیکن ہر بار انویسٹیگیشن بھی جوائن نہیں کر رہے۔خواجہ حارث نے کہاکہ بشریٰ بی بی کی جانب سے یہی کہا گیا کہ شوہر کے ساتھ پیش ہوں گی،ہم نے کبھی شامل تفتیش ہونے سے انکار نہیں کیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی احتساب عدالت پہنچے جس کے بعد عدالت نے چیئر مین پی ٹی آئی  کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی۔

 عدالت نے استفسار کیا کہ کیا دونوں ملزمان آئے ہیں؟ جس پر وکیل نے کہا کہ صرف بشریٰ بی بی آئی ہیں، خان صاحب دوسری عدالت میں مصروف ہیں۔ابھی تھوڑی دیر میں عمران خان بھی پیش ہو جائیں گے۔عدالت نے بشریٰ بی بی کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دے دی۔بشریٰ بی بی حاضری لگا کر عدالت سے روانہ ہو گئی۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ہم بشریٰ بی بی کو گرفتار نہیں کرنا چاہتے،بشریٰ بی بی کی گرفتاری کے وارنٹ بھی جاری نہیں کیے ہیں۔ جج محمد بشیر نے کہا کہ نیب کے بیان کے بعد درخواست نمٹا دیتے ہیں۔خواجہ حارث نے کہا کہ درخواست نہ نمٹائیں، اگلی پیشی پر دیکھ لیتے ہیں۔عدالت نے بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں بھی 13 جولائی تک توسیع کردی۔

 جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ ملزمان کب آئیں گے، کارروائی شروع کرتے ہی۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ پیشی کا ایک وقت مقرر کیا جائے تاکہ وقت بچے۔سردار مظفر نے کہا کہ کیس میں کچھ ریکارڈ مسنگ ہے وہ تو ہم نے ان سے لینا ہے۔ خواجہ حارث نے کہا کہ یہ ہمیں ایک لسٹ دے دیں کہ کون سے دستاویزات انہیں چاہیئں۔جج محمد بشیر نےہدایت کی کہ آپ ابھی میرے سامنے مسنگ ریکارڈ کی لسٹ فراہم کریں۔ عدالت نےخواجہ حارث سے استفسار کیا کہ آپ دلائل کیلئے کتنا وقت لیں گے؟ جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ4 سے پانچ گھنٹے لوں گا۔

عدالت نےنیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ دلائل کیلئے کب سماعت رکھیں، آپ کوئی تاریخ بتا دیں۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ کوئی بھی تاریخ رکھ لیں، کل پرسوں بھی رکھ لیں تو کوئی مسئلہ نہیں۔ جج محمد بشیر نے کہا کہ سوموار کا دن رکھ لیتے ہیں، کیا کہتے ہیں؟سردار مظفر نے کہا کہ کوئی ایک تاریخ رکھ لیں، تاکہ معاملہ آگے بڑھے۔ خواجہ حارث نے کہا کہ آپ آج ہی سن لیں سر میں تو کہتا ہوں۔ خواجہ حارث کی دلائل کیلئے 17 تاریخ مقرر کرنے کی استدعا کی۔پراسیکیوٹر نے کہا کہ ایک دو دن کے بعد تک ہو سکتا ہے، اس سے زیادہ التوا نہیں ہوسکتا۔عدالت نےخواجہ حارث سے مکالمہ کیا کہ آپ تھوڑا پیچھے آجائیں۔ خواجہ حارث نے کہا کہ اس سے بہتر ہے میں آج ہی دلائل دے دوں،۔

احتساب عدالت  نے 190ملین پاؤنڈ کرپشن  اور توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی 13جولائی تک ضمانت میں توسیع کردی،احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت میں توسیع کی ۔احتساب عدالت نے 5 لاکھ روپے مچلکوں کے عوض پی ٹی آئی چیئرمین کی توشہ خانہ نیب کیس میں 13 جولائی تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔

توشہ خانہ نیب کیس میں بھی چیئرمین پی ٹی آئی نے درخواست ضمانت دائر کردی رکھی تھی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں درخواست دائر کی تھی،توشہ خانہ کیس میں نیب راولپنڈی نے آج چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب بھی کر رکھا ہے۔

مزیدخبریں