تفصیلات کے مطابق یہ ہدایات عمران خان کی زیر قیادت پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے خلاف پروپیگنڈے کے تناظر میں دی گئی ہیں جس میں آئی ایس آئی کے بعض عہدیداروں پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ پنجاب میں آئندہ ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کو نقصان پہنچانے کیلئے سیاسی جوڑ توڑ کر رہے ہیں۔
دفاعی ذرائع نے ان الزامات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایس آئی کے سیکٹر کمانڈر، جنہیں پی ٹی آئی کے رہنما بدنام کر رہے ہیں، 15 دن سے زائد عرصے سے لاہور میں موجود ہی نہیں اور وہ پیشہ ورانہ کام کے سلسلے میں اسلام آباد میں ہیں۔
پی ٹی آئی کی رہنما اور سابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے حال ہی میں ان کا نام لیتے ہوئے ان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ پنجاب کے آئندہ ضمنی انتخابات میں سیاسی جوڑ توڑ میں ملوث ہیں۔
ان سے قبل سابق وزیر خارجہ اور پی ٹی آئی کے ڈپٹی چیئرمین شاہ محمود قریشی نے الزام عائد کیا تھا کہ کچھ نادیدہ قوتیں پی ٹی آئی کے خلاف صوبے میں ضمنی انتخابات پر اثر انداز ہونے کیلئے سرگرم ہیں۔