ویب ڈیسک:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواحکومت کی صوبے میں رٹ ختم ہو چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور سے جاری اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ امن معاہدے کے باوجود ڈپٹی کمشنر پر حملہ قابل مذمت ہے، کچھ قوتیں کرم میں امن قائم نہیں ہونے دینا چاہتی۔
انہوں نے کہا کہ کے پی حکومت کی صوبے میں رٹ ختم ہوگئی ہے، صوبائی حکومت کا فوکس صوبے پر کم اڈیالہ جیل کے قیدی پر زیادہ ہے، علی امین گنڈا پور کو دو ماہ میں ایک مرتبہ بھی کرم جانے کی توفیق نہیں ہوئی۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ مریم نواز پنجاب بیٹھی ہیں لیکن ان کو پارا چنار کے بہن بھائیوں کی فکر ہے، تحریک انصاف کے پی میں 12 سال سے اقتدار میں ہے، 12 سال میں کے پی کے عوام معیار زندگی کا گراف مزید نیچے گیا۔
عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا ہ میں امن و امان،دہشتگردی اور بیروزگاری بنیادی مسائل ہیں، تحریک انصاف نے پشتونوں کو احساس محرومی کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔