نیب ریفرنسز میں سزا یافتہ شخص کی نااہلی کی مدت 10سال برقرار

Jan 04, 2024 | 14:00 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: نااہلی کی مدت 5 سال سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کا فیصلہ معطل، اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب ریفرنسز میں سزا یافتہ شخص کی 10سالہ نااہلی کی مدت بحال کردی ۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے نااہلی کی مدت سے متعلق درخواست پر سماعت کی، عدالت نے نیب کیسز میں سزا یافتہ ن لیگی ٹکٹ ہولڈر فائق جمالی کی اہلیت کے خلاف نیب کی درخواست سے متعلق سنگل بنچ کا فیصلہ معطل کردیا۔

دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ سزا یافتہ شخص کے جیل سے رہا ہونے کے بعد اس کی نااہلی کی مدت شروع ہوگی، فائق جمالی کو سنائی گئی سزا میں دس سال کی نااہلی بھی شامل تھی ، سپریم کورٹ تک فائق جمالی کی سزا برقرار رہی۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ یہ سوال ہی نہیں ہے جس پر آپ دلائل دے رہے ہیں، سزا تو متنازع نہیں ہے، آئین میں ذیلی قانون سازی کیا آئین میں دی گئی تشریح سے مختلف ہوسکتی ہے؟

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 63ون ایچ میں جنرل بات کی گئی ہے، نیب آرڈیننس ایک سپیشل لاء ہے، اس میں 10 سال کی نااہلی کی سزا موجود ہے، خالد لانگو کیس میں سپریم کورٹ نے نااہلی کی سزا برقرار رکھی۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ 63 ون ایچ کے تحت نااہلی صرف مجلس شوریٰ کیلئے ہے،صوبائی اسمبلی کیلئے نہیں ؟

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ جی63ون ایچ کے تحت نااہلی صوبائی اسمبلی کیلئے نہیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 15 جنوری تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں