کاغذات نامزدگی: شیخ رشیداورسبطین خان سمیت متعددامیدواروں کی اپیلیں منظور

کاغذات نامزدگی: شیخ رشیداورسبطین خان سمیت متعددامیدواروں کی اپیلیں منظور
کیپشن: کاغذات نامزدگی: شیخ رشیداورسبطین خان سمیت متعددامیدواروں کی اپیلیں منظور

ایک نیوز: الیکشن ٹربیونل میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف اپیلوں کی سماعت جاری ہے۔سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید ،سبطین خان سمیت متعدد امیدواروں نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل دائر کی تو الیکشن ٹربیونل نے تمام اعتراضات مسترد کر دیئے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو بڑا ریلیف مل گیا، کاغذات نامزدگی منظور کر لئے گئے۔ شیخ رشید نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 56 سے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف الیکشن ٹربیونل میں اپیل کی جسے منظور کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا۔

شیخ رشید کے حلقہ این اے 57 سے بھی کاغذات نامزدگی درست قرار دیتے ہوئے تمام اعتراضات مسترد کر دیئے گئے اور انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی گئی۔

راولپنڈی میں الیکشن ٹریبیونل نے اہم فیصلہ سناتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان اور ان کے بیٹے علی جعفر خان  کی اپیلیں منظور کرلیں۔

ٹریبیونل نے ریٹرننگ آفیسر کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے سبطین خان کو صوبائی حلقہ پی پی 88 میانوالی سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔این اے 55 سے سابق وزیر قانون راجہ بشارت، اٹک سے تحریک انصاف کی ایمان طاہر صادق کے بھی کاغذات منظور کرلیے۔

سابق وزیر اعجاز الحق ، سابق ایم پی اے امین اللہ خان کی اپیلیں بھی منظور ہوگئیں۔ الیکشن ٹربیونل نے کہا کہ معمولی باتوں پر پہلی بار کاغذات نامزدگی مسترد ہوتے دیکھ رہے ہیں۔

فواد چوہدری کے چچا چوہدری شہباز حسین کے جہلم سے کاغذات مسترد ہونے کیخلاف اپیل خارج کرتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کا نااہلی کا فیصلہ برقرار رکھا۔ ان پر اثاثے ظاہر نا کرنے کے اعتراضات تھے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے الیکشن ایپلیٹ ٹریبونل نے پی ٹی آئی کے الیاس مہربان، عامر مغل، شیراز کیانی، زبیر فاروق سمیت 51 اپیلوں پر الیکشن کمیشن کو نوٹسز جاری کرکے کل تک جواب طلب کرلیا۔

این اے 236 سے پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کے کاغذات بھی منظور کرلیے گئے۔

دوران سماعت اپیل کنندہ کے وکیل نے کہا کہ پارٹی کا نشان نہ ہونے پر کاغذات مسترد کیے گئے۔

جسٹس خادم حسین نے ریمارکس دیئے کہ یہ تو پارٹی بعد میں فیصلہ کرے گی کون امیدوار ہوگا، جانچ پڑتال کے مرحلے پر کاغذات کیسے مسترد ہوگئے، قانون بتائیں کہ نامزدگی کے وقت انتخابی نشان ہونا ضروری ہے۔

 جسٹس خادم حسین نے سوال کیا کہ کیا تحریک انصاف نے امیدوار سے لاتعلقی کا اظہارکیا ہے؟

اس کے بعد الیکشن ٹریبونل نے فردوس شمیم کے کاغذات منظور کرلیے۔

شیخ رشید کی میڈیاٹاک

شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہمیں پوری قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں،حلقہ  این اے 56 اور 57 میں سازش کرکے مجھے نا اہل قرار دینے کی سازش کی گئی۔جسٹس مرزا وقاص رؤف نے سازش ردی کی ٹوکری میں اٹھا کر پھینک دی ہے۔یہ طے پا کا ہے شیخ رشید حلقہ این اے 56 اور 57 میں الیکشن لڑے کا اہل ہے۔میں نسلی ہوں اصلی ہوں کبھی کسی کے خلاف بیان نہیں دیا۔راولپنڈی کے لوگ نکلیں اور حلقہ این ای 56 اور 57 میں قلم دوات پر مہر لگائیں۔اللہ نے چاہا تو راولپنڈی میں قلم دوات تاریخی فتح حاصل کرے گی۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ ماں بچہ ہسپتال، نالہ لئی اور لڑکیوں کا کالج مکمل ہو گا تو ہماری مائیں سر اٹھا کر چلیں گی،ہمیں اللہ پاک نے فتح سے ہمکنار کیا، کامیابی ہماری ہو گی۔