ایک نیوز: بھارتی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی سے تعلق رکھنے والے مسلمان شہری فیضان انصاری نے ’میرا دل یہ پکارے آجا‘ فیم گرل سے فرضی نکاح کرلیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی شہری فیضان انصاری نے گزشتہ ماہ دسمبر میں کہا تھا کہ وہ ’میرا دل یہ پکارے آجا‘ گانے پر منفرد ڈانس کرکے وائرل ہونے والی ٹک ٹاکر پاکستانی لڑکی عائشہ مانو سے شادی کرنا چاہتے ہیں اور وہ اس ضمن میں پاکستان بھی آئیں گے۔
فیضا ن انصاری نےعائشہ مانو کی ڈانس ویڈیو دیکھنے کے بعد انہیں اپنی دلہن تسلیم کرلیا ہے ،بعد ازاں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی سفارت خانے نے انہیں پاکستان کا ویزہ دینے سے انکار کردیا اور اب انہوں نے بھارت میں ہی عائشہ مانو کی غیر موجودگی میں ہی ان سے فرضی نکاح کرلیا۔
فیضان انصاری نے سال نو کے موقع پر یکم جنوری کو فرضی نکاح کی رسم ادا کی، انہوں نے فرضی نکاح کے لیے ایک مولوی صاحب کی خدمات حاصل کیں۔
فیضان انصاری نے اپنی طرف سے نکاح نامے پر دستخط کرکے عائشہ مانو کے لیے حق مہر کے طور پر 15 لاکھ بھارتی روپے کا چیک بنا کر اپنے پاس رکھ لیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیضان انصاری نے بتایا کہ وہ پہلے ہی فیصلے کر چکے تھے کہ وہ صرف عائشہ مانو سے ہی شادی کریں گے، اس لیے انہوں نے ان سے فرضی نکاح کرلیا، اب جو بھی کرنا ہے، وہ عائشہ مانو کو کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے جب سے عائشہ مانو کی ڈانس پرفارمنس دیکھی ہے، وہ تب سے ان کے دیوانے ہیں اور انہوں نے اس وقت ہی فیصلہ کرلیا تھا کہ ان کی زندگی میں عائشہ کے علاوہ کسی اور کو نہیں آنا چاہئیے۔
View this post on Instagram
ایک سوال کے جواب میں فیضان انصاری نے بتایا کہ اگر عائشہ مانو بھارت کے بجائے کسی تیسرے ملک میں ان سے ملنا چاہیں گی تو بھی وہ وہاں جائیں گے،عائشہ مانو سے شادی کے اعلان کے بعد پاکستان اور بھارت کی لڑکیوں نے میسیجز میں ان میں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ ٹک ٹاکر عائشہ عرف مانو نے اکتوبر 2022 کے آخر میں ایک شادی کی تقریب میں لتا منگیشکر کے پرانے گانے ’میرا دل یہ پکارے آجا‘ کے ریمکس پر منفرد انداز میں ڈانس کرکے جہاں شادی کی تقریب میں شامل مہمانوں کو محظوظ کیا ۔