پاکستان بننے سے ابتک توشہ خانہ کی تفصیلات طلب 

Jan 04, 2023 | 22:49 PM

ایک نیوز:اسلام آباد ہائیکورٹ نے 1947سے اب تک وزرائے اعظم اور صدور کے توشہ خانہ سے تحائف لینے پر حکومت سے ایک ماہ میں جواب طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے شہری ایڈووکیٹ ابوذر سلمان خان نیازی کی جانب سے معلومات فراہمی کی درخواست پر 26 دسمبر کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ پٹشینر کے مطابق 23 اپریل کو کابینہ ڈویژن کو معلومات فراہمی درخواست دی، 28اپریل کو کابینہ ڈویژن نے جواب میں کہاکہ معلومات کلاسیفائیڈ ہیں تو نہیں دے سکتے۔ 

حکم کے مطابق کابینہ ڈویژن کے فیصلے کے خلاف پاکستان انفارمیشن کمیشن نے اپیل سنی اور 29 جون کو پٹشنر کو مطلوبہ معلومات فراہم کرنے کا حکم دیا مگر 5 ماہ کا وقت گزرنے کے باوجود فیصلے پر عمل نہیں ہوا۔

عدالت نے کابینہ ڈویژن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ماہ میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔

مزیدخبریں