پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کریں گے، خواجہ آصف

پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کریں گے، خواجہ آصف
کیپشن: Khawaja Asif will develop Pakistan Air Force on modern lines

ایک نیوز: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کاکہنا ہے کہ حکومت ناقابل تسخیر دفاع کو یقینی بنانے کیلئے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرے گی، اس مقصد  کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ، سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ جس میں جیو سٹریٹیجک ماحول اور علاقائی سلامتی کی صورت حال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

خواجہ آصف نے دورہ کے دوران پاک فضائیہ کی بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور پاک فضائیہ کی جانب سے ٹریننگ میں کی گئی اصلاحات کو سراہا۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ان اصلاحات کی بدولت ایسی ہنر مند افرادی قوت تیار کی جاسکے گی، جو فضائی دفاع اور قومی سلامتی کے بدلتے چیلنجوں سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت سے لیس ہوگی، انہوں نے ملک میں حالیہ سیلاب کے دوران، سیلاب متاثرین کی بحالی کے عمل میں پاک فضائیہ کے غیر معمولی کردار کی تعریف کی۔

ائیر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کی جانب سے جدت طرازی کے عمل کے لیے جاری کوششوں اور مقامی صلاحیتوں کی ترقی کے لیے جاری مختلف منصوبوں اور وزیر دفاع کو پاک فضائیہ کے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پراجیکٹ بارے آگاہ کیا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پراجیکٹ کا مقصد ایوی ایشن، اسپیس، آئی ٹی، سائبر اور کمپیوٹنگ کے شعبوں میں مشترکہ تحقیق، ترقی اور اختراع کو فروغ دینا ہے ۔