ایک نیوز:سابق وزیراعظم عمران خان کاکہنا ہے کہ اردوان کیلئے عوام سڑکوں پرنکل آئی توان کے خلاف بھی سازش ناکام ہوئی تھی۔ مخالفین مجھے گرفتار کرنا چاہتے ہیں۔ اگر عوامی دباؤ ہوگا تو ایسا ممکن نہیں ہوسکےگا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے زمان پارک میں عہدیداروں سےملاقات میں لاہور میں ڈور ٹو ڈور مہم کیلئے ٹاسک دے دیا۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ترک صدر طیب اردوان کیلئے عوام سڑکوں پرنکل آئی توان کے خلاف بھی سازش ناکام ہوئی تھی۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کاکرپٹ ٹولہ ملک کو نقصان پہنچا رہا ہے، کوشش کریں گے جتنی جلد ہوسکے اس کرپٹ ٹولے کی حکومت ختم ہوجائے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل باجوہ کا منصوبہ تھا کہ مجھے قتل کرا کے ایمرجنسی لگا دیتے لیکن اللہ کا اپنا منصوبہ ہے , اللہ نے مجھے زندگی دینا تھی - ان کا کہنا تھا کہ مجھے باجوہ کیخلاف بیان نہ دینے کا پیغام پہنچایا گیا ہے، میں نے جواب دیا ہے اس کے جرائم پر پردہ نہیں ڈال سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام جنر ل یحییٰ سے بھی زیادہ جنرل باجوہ سے نفرت کرتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پی ٹی آئی لاہور کے عہدیداروں کی کارکردگی سے مایوسی کا اظہار کیا اور قیادت کی سرزنش کی۔ذرائع نے بتایا کہ لبرٹی جلسے میں کارکنوں اورعوام کو متحرک نہ کرنا عمران خان کی ناراضی کا باعث بنا۔