ڈونرز کانفرنس: پاکستان کو8 ارب ڈالر ملنے کی توقع، وزیراعظم وفد کی قیادت کریں گے

وزیراعظم شہباز شریف ڈونرز کانفرنس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے
کیپشن: Prime Minister Shahbaz Sharif will lead the Pakistani delegation in the Donors Conference(file photo)

ایک نیوز: وزیراعظم شہباز شریف کا ایک اور بیرونی دورہ کنفرم ہوگیا۔ 9 جنوری کو جینوا میں ہونے والی ڈونرز کانفرنس میں پاکستانی وفد کی نمائندگی کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ڈونرز کانفرنس میں شرکت کے لیے جینوا جائیں گے۔ ڈونرز کانفرنس کا انعقاد پاکستان اور اقوام متحدہ کی طرف سے مشترکہ طور پر کیا جا رہا ہے۔ کانفرنس کے انعقاد کا مقصد متاثرین سیلاب کے لیے فنڈز جمع کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈونرز کانفرنس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ بھی مدعو ہیں۔ تاہم وزیر اعلیٰ سندھ کی ڈونرز کانفرنس میں شرکت متوقع ہے جبکہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے وزرائے اعلی کی طرف سے کانفرنس کے لیے نمائندے مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلیے 16.3 ارب ڈالرز کی ضرورت ہے ۔ آدھی رقم کا پاکستان اپنے وسائل سے بندوبست کرے گا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کم سے کم وفد لے جانے کی ہدایت کی ہے ۔کانفرنس کیلیے تیار کیے گئے فریم ورک میں رقم کے شفاف استعمال کا طریقہ کار موجود ہے۔ 

ذرائع کے مطابق امداد کا تخمینہ 16.3 ارب ڈالر ایک سال کا نہیں ہے ۔سیلاب کے فوری بعد کی گئی 8 سو ملین ڈالرز کی فلیش اپیل پر دو اڑھائی ملین ڈالرز ملے تھے۔