ایک نیوز : بھارت کی ریاست میگھالیہ میں بنگلہ دیش سے متصل سرحد پر تعینات بی ایس ایف میں شامل ’لالسی‘ نامی ایک ’سنائفر‘ کتے نے فوجی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تین بچوں کو جنم دیا ہے۔
بی ایس ایف کے ضابطہ اخلاق کے مطابق سرحد جیسے حساس مقام پر تعینات کتے ، افسران کی زیر نگرانی کام کرتے ہیں اور وہ ڈیوٹی کے دوران حاملہ نہیں ہو سکتے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اس غفلت کی تفتیش کے لیے بی ایس ایف نے ڈپٹی کمانڈنٹ رینک کے افسر کی نگرانی میں ایک انکوائری کا حکم دیا ہے۔ اس حکم نامے کے مطابق بی ایس ایف شیلانگ کے ڈپٹی کمانڈنٹ اجیت سنگھ کو ان حالات کی تحقیقات کے لیے تعینات کیا گیا ہے جس میں پانچ دسمبر 2022 کو صبح 10 بجے کے قریب 43 بٹالین کے (مادہ) کتے لالسی نے بارڈر پوسٹ باگھمارہ میں تین بچوں کو جنم دیا۔
دریں اثنا سابق مرکزی وزیر اور جانوروں کے حقوق کے کارکن اور اندرا گاندھی کے بیٹے سنجے گاندھی کی بیوہ ماینکا گاندھی نے بی ایس ایف کے اہلکاروں سے درخواست کیا ہے کہ وہ لالسی اور اس کے بچوں کا خیال رکھیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے بی ایس ایف میگھالیہ کے کمانڈنٹ سے بات کی ہے اور ان سے کہا ہے کہ وہ خیال رکھیں کہ بچوں کو ان کی ماں دو ماہ تک دودھ پلاتی رہے، اور پھر بچوں کو گود لے لیا جائے اور ماں کی نس بندی کرا دی جائے۔