سپریم کورٹ: پاکستان کسٹمز کو 50 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم

Jan 04, 2023 | 11:35 AM

ایک نیوز: سپریم کورٹ نے اعلیٰ عدالتوں میں غیرضروری مقدمہ دائر کرنے پر پاکستان کسٹمز پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں نان کسٹم پیڈ گاڑی کی مالک کو حوالگی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کیس کی سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے گاڑی حوالگی کے خلاف کسٹم کی اپیل خارج کردی۔ 

عدالت نے سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں غیر ضروری مقدمہ دائر کرکے وقت ضائع کرنے پر پاکستان کسٹمز کو 50 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم سنادیا۔ 

عدالتی حکم پر ڈی جی کسٹم انٹیلی جنس فیض احمد سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ڈی جی کسٹم سے استفسار کیا کہ کیا آپ قانون سے بالاتر ہیں؟ آپ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کیوں کررہے ہیں؟ تین عدالتوں نے حکم دیا کہ گاڑی مالک کے حوالے کریں، پانچ سال سے کسٹم نے شہری کی گاڑی پکڑ کر بند کررکھی ہے۔ پانچ سال سے ویئر ہاؤس میں کھڑی گاڑی خراب ہوگئی کیا آپ مالک کا نقصان پورا کریں گے؟ جس پر ڈی جی کسٹم نے کہا کہ یہ گاڑی حوالگی کا بہت منفرد کیس ہے۔

مزیدخبریں