نگراں سیٹ اپ مارچ اورعام انتخابات جولائی میں ہونگے،شبر زیدی

Jan 04, 2023 | 11:13 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے پیشگوئی کی ہے کہ پاکستان میں نگراں حکومت کا سیٹ اپ مارچ تک قائم ہوجائے گا جبکہ عام انتخابات جن کا مطالبہ عمران خان کر رہے ہیں، جولائی میں ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے سابق چیئرمین شبر زیدی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عام انتخابات جولائی میں ہوں گے اور جو نئی حکومت آئے گی وہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض پر معاملات طے کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔
بیان میں سابق چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ نئی حکومت آئی ایم ایف کا قرض پروگرام بحال کرے گی۔ کسی غیر آئینی چیز کی تجویز پیش نہیں کر رہا، مستقبل کے سیٹ اپ پر میرا یہ مؤقف ہے  جو میں واضح کرنے کا خواہاں ہوں۔
سابق چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ کوئی اور بات پاکستانی عوام، پی ڈی ایم اور تحریکِ انصاف کیلئے خودکشی کے مترادف ہوگی۔ قبل ازیں شبر زیدی آئی ایم ایف اور حکومت کے مابین ڈیڈ لاک پر 4ہفتوں کا وقت دئیے جانے کا دعویٰ کرچکے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ حکمراں طبقے کی عیاشیاں جاری ہیں، اگر حالات اسی طرح رہے تو عالمی برادری ہمیں قرض دینا بند کردے گی۔
گزشتہ ماہ شبر زیدی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ معاشی اعتبار سے ڈیفالٹ یا دیوالیہ ہونا یہ ہے کہ کوئی ملک موجودہ آمدن کے اندر قرض اتارنے کی صلاحیت نہ رکھتا ہو۔

مزیدخبریں