ایک نیوز: برائلر گوشت غریب کی پہنچ سے دور نہیں بہت دور ہوگیا۔ 600 روپے فی کلو تک قیمت سن کر شہریوں کے ہوش اڑ گئے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی برائلر کی قیمت کو پرلگ گئے۔ پولٹری فارمرز نے فیڈ کی قیمتوں میں اضافے کو جواز بنا کر مرغی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا۔
بتایا گیا ہے کہ برائلر گوشت کی قیمت میں ایک ہی دن میں 100 روپے فی کلو کے اضافے سے شہری چکرا کر رہ گئے۔ فی کلو قیمت 500 سے بڑھ کر 600 روپے ہوگئی۔ اسی طرح زندہ مرغی 4 سوروپے کلو گرام تک فروخت کی جارہی ہے۔
دوسری جانب فارمی انڈے 274 روپے فی درجن فروخت کئے جارہے ہیں۔ اس طرح ایک انڈے کی قیمت 22 روپے تک ہوگئی ہے۔
اسی طرح لاہور میں برائلر گوشت کا سرکاری ریٹ 524 روپے فی کلو ہوگیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 2 ماہ میں برائلر گوشت 166 روپے فی کلو مہنگا ہوا ہے۔ قیمتوں میں اضافے سے دکاندار اور خریدار دونوں پریشان ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی میں زندہ برائلر 370 روپے جبکہ فی کلو گوشت 590 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔