ایک نیوز:محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں کراچی میں سردی میں مزید اضافے کی پیشگوئی کردی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں رات سے سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے ، شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ہواؤں کے باعث موسم مزید سرد ہوگیا.
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں کراچی میں سردی میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
شہر کا موجودہ درجہ حرارت11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سےہوا چل رہی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں دن میں درجہ حرارت 25 سے 27 ڈگری سینٹی گریڈتک رہے گا اور ہوا 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی۔
دوسری جانب سردی کی لہر میں اضافے کے بعد کان مہتر زئی، خواجہ عمران، توبہ کاکڑی، قلعہ عبداللہ اور توبہ اچکزئی میں درجہ حرارت منفی 9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
کوژک ٹاپ، کان مہتر زئی اور قلات میں رات کے وقت اور صبح دیر تک دھند کا امکان ہے جبکہ چاغی، واشک، گوادر اور پنجگور میں گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے رات کے وقت کوئٹہ، کراچی، چمن اور این 50 شاہراہ پر سفر میں احتیاط کی اپیل کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید سردی کی لہر اگلے 24 گھنٹوں تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔