ایک نیوز: سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹرویز کئی مقامات پر بند کردی گئی۔
لاہور موٹروے M-2 , اسلام آباد سے لاہور تک دھند کی شدت میں کمی کے باعث ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دی گئی ہے۔
موٹروے حکام کے مطابق لاہور اسلام آباد موٹروے ایم 2، ٹھوکر نیاز بیگ سے کلر کہار،پنڈی بھٹیاں فیصل آباد موٹروے ایم 3، رجانہ سے فیض پور، فیصل آباد ملتان موٹروے ایم 4، فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں تک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی۔
اس کے علاوہ سکھر ملتان موٹروے ایم 5، اقبال آباد انٹرچینج سے شیرشاہ،سیالکوٹ لاہور موٹروے ایم 11، کالا شاہ کاکو ٹول پلازہ سے سمبڑیال تک بند ہے۔قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے باعث حدنگاہ متاثر ہے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ عوام سے گذارش ہے کہ دھند کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔دھند کے موسم میں گاڑیوں میں درمیانی فاصلہ عام حالات کی نسبت زیادہ رکھیں۔سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے کی صورتحال اور دوران سفر مدد کی صورت میں ہیلپ لائن 130 سے مدد لی جا سکتی ہے ۔
دوسری جانب علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر بھی دھند کا راج ہے ، حد نگاہ پندرہ سو میٹر سے بھی کم ہونے کے باعث وارننگ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ائیرپورٹ حکام کے مطابق دھند کے باعث متعدد اندرون اور بیرون ملک پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔
حکام کے مطابق خراب حد نگاہ کے باعث ائیر سیال پی ایف 146 منسوخ ہونے پر جہاز کا رخ واپس کراچی موڑ دیا گیا جبکہ سیرین ای آر 822 کو اسلام آباد کی جانب واپس موڑا گیا ہے۔