ویب ڈیسک:جنوبی افریقہ کے بعد ناروے بھی فلسطین کے حق میں میدان میں آگیا،ناروے کے وزیر خارجہ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے فلسطینی ریاست لازمی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ناروے کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کے موجودہ وزیراعظم کی جانب سے دو ریاستی حل سے انکار تشویش ناک بات ہے، اسرائیل کی کئی حکومتوں نے اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ فلسطین کا حل دو ریاستوں کے قیام پر ہوگا، جس میں خود مختار فلسطینی ریاست اور اسرائیل کی ریاست شامل ہے، دونوں ریاستوں کے درمیان مذاکرات اور تصفیے کے بعد فلسطینی ریاست کے امور وہاں قائم ہونے والے ادارے سنبھال لیں گے، فلسطینی ریاست میں مغربی کنارہ اور غزہ سمیت دیگر علاقے شامل تھے۔
ایسپن بارتھ ایڈےنے مزید کہا کہ میرا اس بات پر یقین ہے کہ فلسطینیوں کو اپنی ریاست کا مکمل حق حاصل ہے، یہ ریاست نہ صرف زبانی حد تک بلکہ عملی طور پر قائم ہونی چاہیے، اسرائیل کو بارہا پیغام دے چکے ہیں کہ اگر آپ مستقبل میں صہیونی اسرائیلی اور جمہوری ریاست کے طور پر برقرار رہنا چاہتے ہیں تو آپ کو فلسطین کا مسئلہ بھی حل کرنا ہوگا، اگر وہ فلسطینی جو بہتر معیشت اور اپنے عوام کو معیاری سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں تو انہیں بھی مکمل سیاسی حقوق حاصل ہونے چاہئیں۔