ایک نیوز: رہنما پیپلز پارٹی شہلا رضا نے کہا ہے کہ این اے 127 میں دیوار پرلکھی شکست عطاتارڑ کو نظر آگئی ہے، انتخابی دفتر پرحملے کا مقدمہ درج کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی پی پی رہنما شہلا رضا نے مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کو عزت دو والے نوٹ کو عزت دے رہے تھے، ویڈیو وائرل ہو گئی، سندھ میں آپ کی کوئی لیڈر شپ کھڑی ہی نہیں ہو ئی، عطا تارڑ پارلیمنٹ میں گندے اشاروں کی وجہ سے مشہور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج سے ہم تیار ہیں ،عطاتارڑ یاان کے لوگ آکر دکھائیں، ا نہیں اسی طرح جواب دینگے، ن لیگ غنڈا گردی کر رہی ہے، روزانہ ہمارے پوسٹر اتارےجارہے ہیں، ہم چاہتے ہیں ایف آئی آر درج کی جائے ،الیکشن کمیشن غنڈا گردی کو نوٹس لے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ کس قانون کے تحت ہمارے دفترمیں گھس آئے ، عطا تارڑ ہمارے گھر میں گھسے اور 3 کارکنوں کو اغوا کیا۔
اس موقع پر موجود رہنما پیپلزپارٹی ذوالفقار علی بدر نے کہا کہ عطا تارڑ ڈھائی سو غنڈوں کے ساتھ میاں مصباح کے دفتر میں داخل ہوئے، ہمارے لوگوں کے آئی پیڈ موبائل فون اور خواتین کے زیور لے گئے ، ہمارے دفتر میں ان لوگوں نے اسلحے کے زور پر ڈکیتی کی ہے، یہ کہاں کا قانون ہے کسی کو بھی کوئی گھر سے اٹھا کر لے جائے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس، انتظامیہ درخواست کے باوجود کیوں ایکشن نہیں لے رہی ،کیا پورے ملک میں قانون ن لیگ کے لیے ہے،جس طرح ماضی میں ان کو جتوایا گیا کیا اس بار بھی ایسا ہوگا؟ الیکشن کمیشن اس پر نوٹس لے اور کارروائی کرے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما بیرسٹر عامر حسن نے کہا کہ پی پی کے الیکشن آفس کے اندر کھلی دہشت گردی کی گئی، یہ امپائر ساتھ ملا کر نہیں خود امپائر بننا شروع ہوگئے ہیں، ن لیگ والوں کو کہتے ہیں میثاق جمہوریت پر واپس آئیں۔