ویب ڈیسک:نگران وزیراعظم انوازالحق کاکڑنےپاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے نئے صدر کے طور پرطارق بگٹی کےنام کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کےمطابق خالدسجادکھوکھرکےصدرکےعہدےسےاستعفیٰ دینےکےبعدپی ایچ ایف کےراستےکی آئینی اورقانونی رکاوٹیں ختم ہوگئیں۔
وزیراعظم ہاؤس سے منظوری کا نوٹیفکیشن منسٹری آئی پی سی کو موصول ہوگیا، نگران وزیر منسٹری آئی پی سی فواد حسین فواد نے پی ایم ہاؤس سے ملنے والے نوٹیفکیشن کی تصدیق کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق ہفتہ وار اور5 فروری کی عام تعطیل ہونے کی وجہ سے پاکستان اسپورٹس بورڈ طارق بگٹی کے نئے صدر کی تقرری کا نوٹیفکیشن منگل کو جاری کرے گی۔
دوسری جانب میڈیاسےگفتگوکرتےہوئےپی ایچ ایف کےسابق صدرسجادکھوکھرکاکہناتھاکہ انہوں نے بطور پی ایچ ایف صدر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، انہیں کسی سے کوئی اختلاف نہیں، انہوں نے ہاکی کے فروغ کے لیے ایمانداری سے کام کیا ہے۔
اس سے قبل پاکستان اسپورٹس بورڈ نے طارق بگٹی کو پی ایچ ایف کی ایڈہاک کمیٹی کا سربراہ بنایا تھا جس کو خالد سجاد کھوکھر نے عدالت میں چیلنج کردیا تھا، پھرطارق بگٹی اور خالد سجاد کھوکھر کے درمیان مذاکرات ہوئے جس میں طے ہوا کہ خالد سجاد استعفیٰ دے دیں گے۔
طارق بگٹی نئے صدر کا نوٹیفکیشن ملنے کے بعد پی ایچ ایف کانگریس کا اجلاس بلائیں گے جس میں وہ اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے۔
طارق بگٹی پاکستان ہاکی فیڈریشن کےنئےصدر،وزیراعظم نےمنظوری دیدی
Feb 04, 2024 | 06:48 AM