ایک نیوز:بھارتی ریاست اڑیسا میں میں بیمار اور معمر خاتون کو زبردستی بس سے اتار دیا گیا جس سے خاتون ہائی وے پر ہی دم توڑ گئیں۔
واقعہ جمعرات کے روز پیش آیا جہاں ایک 50 سالہ بیمار خاتون اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد اپنے بیٹے کے ہمراہ گاؤں واپس جارہی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق خاتون اور بیٹا ایک پرائیوٹ بس میں سوار تھے کہ اچانک خاتون کی طبیعت بگڑی جس پر بیٹے نے ڈرائیور اور کنڈکٹر کو اسپتال لے جانے کا کہا جس کے بعد بس کے عملے کی جانب سے مدد کے بجائے خاتون اور اس کے بیٹے کو بیچ ہائی وے پر زبردستی اتار دیا گیا۔
خاتون کے رشتہ داروں کی جانب سے میڈیا کو بتایا گیا کہ خاتون کے بیٹے کو ہائی وے پر کوئی مدد نہیں مل سکی اور نہ ہی اس کے پاس ایمبولینس کے لیے پیسے تھے، بعد ازاں پولیس نے موقع پر پہنچ کر خاتون کو اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز کی جانب سے خاتون کو مردہ قرار دے دیا گیا۔
پولیس نےمؤقف اپنایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور علاقے کے لوگ جائے وقوعہ پر پہنچے اور پولیس نے ایمبولینس کے ذریعے خاتون کو اسپتال پہنچایا،پھر لاش کو اس کے گھر تک پہنچانے کا بھی بندوبست کیا، لواحقین کی جانب سے واقع کی شکایت بھی درج نہیں کروائی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بیٹے کا کہنا ہے کہ اگر بروقت طبی امداد مل جاتی تو اس کی والدہ زندہ بچ سکتی تھیں۔