ایک نیوز :سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف 20 ارب روپے ہرجانے کے کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار پر اعتراض کردیا جس پر ٹرائل کورٹ کے عبوری حکم کیخلاف درخواست پر سماعت کرنے والا بینچ تبدیل کردیاگیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل بینچ 9 فروری کو سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
پہلے جسٹس میاں گل حسن کی سربراہی میں جسٹس بابر ستار بینچ کا حصہ تھے
سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کا درخواست میں کہنا تھا کہ جسٹس بابر ستار نے اخبارات میں آرٹیکلز لکھے جس میں میرا نام لے کر جوڈیشل ایکٹوزم پر تنقید کی۔جسٹس بابر ستار کو چاہئے کہ وہ اس معاملے میں متعصب ہونے کے باعث بینچ سے علیحدگی اختیار کریں۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے سابق چیف جسٹس افتخارچودھری پر 2013 کے عام انتخابات میں دھاندلی کا الزام لگایا تھا۔
سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے دھاندلی الزامات پر 20 ارب روپے ہرجانے کا دعوی دائر کر رکھا ہے۔