عمران خان سے پرویز الہی، محمود خان اور پرویز خٹک کی ملاقات ، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

Feb 04, 2023 | 15:42 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: سابق وزیر اعظم اور چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے سابق وزیر اعلی چوہدری پرویز الہی کی ملاقات  ہوئی جس میں الیکشن پر گفتگو کی گئی ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعلی محمود خان اور پرویز خٹک کی بھی عمران خان سے ملاقات ہوئی جس میں پنجاب اور کے پی کے کے انتخابات پر گفتگو  ہوئی۔ ملاقات میں حکومت کی جانب سے  گرفتاریوں کی شدید مذمت کی گئی.

واضح رہے کہ  پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری اور شیح رشید کو   گرفتار کر لیا گیا تھا۔  تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں فواد چوہدری کی گرفتاری کی اطلاع دیتے ہوئے کہا تھا’’ فواد چوہدری کو پولیس نے ان کے گھر سے ابھی گرفتار کرلیا ہے، امپورٹڈ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے ‘‘۔ قبل ازیں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے خدشات کے پیش نظر پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء اور کارکنان کی بڑی تعداد رات گئے زمان پارک کے باہر جمع ہو ئی۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیرداخلہ شیخ رشید مری موٹروے سے پنڈی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوئے گرفتاری کے بعد اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ منتقل کردیا گیا۔ بعد ازاں پولیس کی جانب سے شیخ رشیدکو اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ سے  میڈیکل کیلئے پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا۔شیخ رشید احمد کیخلاف کوئٹہ میں بھی مقدمہ درج کر لیاگیا ہے۔

شیخ رشید کیخلاف مقدمہ تھانہ بیروٹ میں درج کیاگیا،مقدمہ پیپلزپارٹی رہنما کی مدعیت میں درج کیاگیا۔

ایف آئی آر میں کہاگیا ہے کہ شیخ رشید نے بلاول بھٹو کیخلاف نازیبا زبان استعمال کی، شیخ رشید کی باتوں سے پارٹی کارکنان میں اشتعال پھیل رہا ہے، مقدمے میں دفعہ 500 ، 504 ، 153 اور 506 سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔

مزیدخبریں