الخدمت فاؤنڈیشن کاسیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 70کروڑکاونٹرپیکج تقسیم

Feb 04, 2023 | 13:09 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: الخدمت فاؤنڈیشن نے 70 کروڑ روپے کی لاگت سے سیلاب متاثرہ علاقوں سمیت ملک بھر میں ڈیڑھ لاکھ   نادار خاندانوں میں ونٹر پیکج تقسیم کر دیا۔ونٹر پیکج تقسیم کا مقصد سیلاب متاثرین کو سردی اور بیماریوں سے بچانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا گزشتہ سال آئے ملک گیر سیلاب کے باعث گلگت بلتستان، جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی مشکلات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا اور شدید سردی کے باعث بچے، خواتین اور بزرگوں میں بڑے پیمانے پر بیماریاں پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے اِسی ضرورت اور اہمیت کے پیش نظر سردیوں کے آغاز سے ہی ونٹر پیکج تقسیم  کا آغاز کیا اور ترجیحاََ سیلاب متاثرہ علاقوں کمبل، گرم چادریں، جیکٹ، سویٹر، جرسی، دستانے، گرم جرابیں اور گرم ٹوپیاں تقسیم کیں۔

صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے بتایا کہ الخدمت کی ونٹر پیکج مہم میں انہیں اندرون ملک کے ساتھ بیرون ممالک سے مخیر حضرات اور رفاعی اداروں کا ساتھ بھی رہا اور اس کے ساتھ ساتھ الخدمت والنٹیرز نے تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم کا آغاز بھی کیا تاکہ عام افراد اپنی مدد آپ یا الخدمت جیسے رفاعی اداروں کی مدد سے سیلاب متاثرین تک گرم کپڑے، لحاف اور بستر پہنچا سکیں۔انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کا سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے بعد بحالی  و تعمیر نو کے حوالے سے تعمیر وطن پروگرام جاری ہے اور ہم متاثرین کی مکمل بحالی تک مدد کے لیے کوشاں رہیں گے۔


بلوچستان کے علاقے لورالائی  میں ونٹر پیکج ملنے پر  شبنم بی بی نے بتایا کہ اُس کے خاوند چند سال پہلے کوئلے کی کان میں کام کے دوران  اللہ کو پیارے ہو گئے۔ جس کے بعد وہ اپنے تین بچوں کے ساتھ گزر بسر کر رہی ہیں۔ گزشتہ سال سیلاب سے اُن کا گھر تباہ ہو گیا اور سامان  بھی استعمال کے قابل نہیں رہا۔ لورالائی میں شدید سردی پڑتی ہے اور سردیوں کے آغاز میں وہ بہت زیادہ پریشانی تھیں کہ اگر گرم کپڑوں، لحاف اور بستروں کا بندوبست نا ہوا تو اُن کے بچے بیمار ہو جائیں گے۔ لیکن الخدمت فاؤنڈیشن نے ہمیں گرم کپڑے، بستر اور رضائیاں دیں اور اب ہمارا گھر بھی بنا کر دے رہے ہیں۔ جس کے لیے وہ الخدمت کی شکر گزار ہے۔

مزیدخبریں