ایک نیوز: گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے کہا ہے کہ وہ اور وزیراعلیٰ اعظم خان ایک پیج پر ہیں، قوم فیصلہ کرے گی کون کس کے ایجنڈے پر چل رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پی کے غلام علی نے کہا ہے کہ صحت کی سہولتوں میں مزید بہتری کی کوشش کریں گے، ہسپتالوں کو سامان مہیا کریں گے، نہ ہوا تو اپنی جیب سے دیں گے۔پشاور دھماکے نے پوری قوم کو رُلا دیا، سانحے سے قبل بھی تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ بٹھانے کی کوشش کی گئی، سکیورٹی پر مشاورت کیلئے کہا تو کیا غلط کہا، پولیس کا مورال گرانے کی کوشش ناکام ہو گئی مگر پولیس مزید مضبوط ہوئی۔
گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے کہا ہے کہ اپیکس کمیٹی میں ایک سیاسی جماعت نے شرکت نہیں کی، قوم فیصلہ کرے گی کون کس کے ایجنڈے پر چل رہا ہے، پہلے استعفے دیئے، اب واپس لے رہے ہیں، ایسے لوگ قوم کی خدمت کر سکیں گے؟آئین کی بات کرنے والے آرٹیکل 254 بھی دیکھ لیں۔ بے نظیر بھٹو کے قتل کے بعد بھی الیکشن میں تاخیر ہوئی تھی۔ ضمنی الیکشن پورے صوبے کے مختلف حلقوں میں ہو رہے ہیں۔ میں نے پی ٹی آئی سے کہا ہے الیکشن کرائیں مگر مشاورت بھی کریں۔