ایک نیوز: سندھ ہائیکورٹ نے سندھ اسمبلی میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی گریڈ 20 میں بھرتیوں کے معاملے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سماعت کے دوران عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سے سوال کیا کہ آپ نے کبھی سنا ہے ایک ہی خاندان کے 5 لوگوں کو ایک ہی جگہ بھرتی کیا گیا ہو؟
عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو نائب قاصد کی نوکری نہیں ملتی، یہاں ایک ہی خاندان کے 5 لوگوں کو 20 گریڈ میں بھرتی کردیا، پورے خاندان کو سندھ اسمبلی میں بٹھا دیا۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کرانے کیلئے مہلت طلب کرنے پر عدالت حکم دیتے ہوئے کہا کہ آخری موقع دے رہے ہیں ، جواب جمع نہیں کرایا تو قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔
عدالت نے 15 فروری کو سندھ اسمبلی میں ملازمین کا مکمل ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔