سعودی عرب پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے جا رہا ہے، عطاء تارڑ 

سعودی عرب پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے جا رہا ہے، عطاء تارڑ 
کیپشن: Saudi Arabia is going to invest billions of dollars in Pakistan, Ata Tarar

ایک نیوز: وفاقی وزیراطلاعات  عطاء تارڑ  کا کہنا  ہے   سعودی عرب پاکستان میں اربوں ڈالر ز کی سرمایہ کاری کرنے جا رہا ہے ۔  

تفصیلات کےمطابق  وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے  خصوصی گفتگو  کرنے  بتایا وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کا کامیاب دورہ مکمل کر کے وطن واپس آ گئے ہیں، وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب انتہائی اہمیت کا حامل رہا ہے۔  

انہوں نے کہا گزشتہ چھ ماہ کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم کی پانچ مرتبہ ملاقات ہوئی، پاک سعودی عرب تعلقات میں بہتری آئی ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط ہوئے ہیں، سعودی عرب پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے جا رہا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان طے پانے والے معاہدے حقیقت کا روپ لے رہے ہیں، سعودی عرب کے بڑے پراجیکٹس پاکستان میں شروع ہو رہے ہیں، آٹھ منصوبوں پر کام شروع ہو چکا ہے ۔ 

وزیراطلاعات نے کہا وزیراعظم نے سعودی عرب میں واٹر سمٹ سے خطاب کیا،پاک سعودی تعلقات نے ایک نیا موڑ لیا ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا سرمایہ کاری پر فوکس رہا ہے، پاکستان میں چھ سال بعد مہنگائی 4.8 فیصد پر آ چکی ہے، پی ٹی آئی حکومت کے دوران جہاں دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب ہوئے، وہاں انہوں نے معیشت پر بھی کوئی توجہ نہیں دی، دنیا بھر کے رہنما پاکستان کی معاشی بحالی و ترقی کو سراہ رہے ہیں، سرمایہ کاری کا فروغ اور معاشی تعاون میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، آنے والے دنوں میں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری آئے گی، مہنگائی مزید کم ہوگی، عوام کو ریلیف ملے گا۔ 

عطاء تارڑ کامزید کہناتھا پاکستان کی خارجہ پالیسی بہت کامیابی سے آگے بڑھ رہی ہے، سعودی قیادت نے حکومت پاکستان کی جانب سے منصوبوں کے آغاز پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، دونوں ممالک نے تعلقات کو مزید بڑھانے، تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، سعودی عرب کا دورہ ایک اہم سنگ میل تھا، واٹر سمٹ میں وزیراعظم نے پاکستان کا بھرپور موقف پیش کیا، سعودی عرب کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، پاکستان کی معیشت مزید ترقی کرے گی۔