ویب ڈیسک:چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے پر بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو اپنا مہمان بنایا اور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے کا چیک بھی دیا ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی، تمام کھلاڑیوں کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اپنا مہمان بنایا اور اس موقع پر ورلڈ کپ جیتنے پر کھلاڑیوں کو ایک کروڑ روپے کا چیک بھی دیا ۔
اس کے علاوہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کو 2 کروڑ روپے کی گرانٹ کا چیک بھی دیا ،چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے ورلڈ کپ جیتنے پر مبارک باد دی ۔
محسن نقوی نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کی جیت پاکستان کی جیت ہے ، آپ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا ہے، بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے سے قوم کو خوشیاں ملی ہیں ، بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ہمارے لئے بہت اہمیت رکھتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی کا کہناتھا کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو پورا سپورٹ کریں گے،بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا، امید ہے کہ آپ فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھیں گے۔
چیئرمین بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن سلطان شاہ کا کہناتھا کہ بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی بھرپور سپورٹ پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
اس موقع پر کپتان نثار علی نے کہا کہ آپ نے ہمیشہ ہمارا خیال رکھا ہے، آپ نے ہمیں عزت واحترام دیا، بہت شکریہ۔
اس موقع پر ایڈوائزر عامر میر، وہاب ریاض، چیف فنانشل آفیسر، ڈائریکٹرز انٹرنیشنل کرکٹ، نیشنل کرکٹ اکیڈمی، ڈومیسٹک کرکٹ، اظہر علی اور بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے عہدیداران اور کھلاڑی بھی اس موقع پر موجود تھے۔