ایک نیوز :نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی مالی ضرورت پوری کرنے کے لئے کوئی بحران نہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک ٹویٹ میں وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے الیکشن کمیشن کی بجٹ ضروریات کے لئے 42 ارب روپے کی منظوری دی تھی، 10 ارب روپے کی رقم پہلے ہی جاری کی جا چکی ہے، الیکشن کمیشن نے منظور شدہ بجٹ کی رقم میں سے 17.4 ارب روپے جاری کرنے کے لئے رابطہ کیا ہے۔
ان کا کہناتھا کہ ای سی پی کو جو بھی بجٹ کی رقم درکار ہوگی، اس کی ضرورت کے مطابق جاری کی جائے گی، ہم آئین کے آرٹیکل 218(3) کے تحت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔