نوازشریف اور مولانافضل الرحمان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

Dec 04, 2023 | 15:36 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز :سربراہ ن لیگ نوازشریف اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن اور جے یو آئی ف کے  مابین وفود کی سطح پر تفصیلی مذاکرات ہوئے ۔خواجہ سعد رفیق نے سندھ میں ایم کیو ایم کے ساتھ ہونے والے سیاسی مذاکرات بارے اجلاس کو بریفنگ دی۔دونوں جماعتوں کی ایم کیو ایم کے مجوزہ ملک گیر بلدیاتی نظام پر تفصیلی مشاورت،دونوں جماعتوں نے ایم کیو ایم کے مجوزہ بلدیاتی نظام پر مکمل اتفاق رائے کیا۔

دونوں جماعتوں نے اتفاق کیا کہ آئندہ پارلیمان میں بلدیاتی نظام بارے آئینی ترمیم لائی جائے گی ۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے مابین طے پائے جانے والے انتخابی معاہدے پر اعتماد میں لیا۔دونوں جماعتوں کا سندھ میں ایم کیو ایم اور دیگر ہم خیال جماعتوں سے مل کر انتخابی اتحاد بنانے پر بھی اتفاق رائے۔سندھ میں تینوں جماعتیں دیگر اتحادیوں سے مل کر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کر کے انتخابی میدان میں اتریں گی۔

ملاقات میں فیصلہ کیاگیا کہ سندھ میں امیدواروں کا فیصلہ لیگی صوبائی صدر بشیر میمن، جمعیت کے سیکرٹری راشد سومرو اور ایم کیو ایم کے نامزد رہنما کرینگے،بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام ف میں مکمل سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر اتفاق،دونوں صوبوں میں ہر قومی و صوبائی نشستوں پر امیدواروں باہمی اتفاق رائے سے اتارنے کا فیصلہ کیاگیا۔

دونوں جماعتوں کے وفود کے مابین فیصلہ ہوا کہ جس نشست پر جس پارٹی کا امیدوار مضبوط ہو گا، اسی کی نامزدگی کی جائے گی۔کسی اتفاق رائے پر نہ پہنچا جا سکا تو ایک جماعت کا امیدوار قومی اور دوسری کا صوبائی نشست پر نامزد کیا جائے گا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کا آئندہ انتخابات کے بعد مل کر حکومت بنانے اور تمام امور پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر اتفاق ہوا ۔ملاقات میں دونوں جماعتوں کا مشترکہ صدارتی امیدوار لائے جانے پر بھی مشاورت،نواز شریف نے  صدارتی امیدوار کے معاملے پر آئندہ پارلیمان کے وجود میں آنے کے بعد فیصلہ کرنے کا عندیہ دیدیا۔

مزیدخبریں