سعودی عرب اور پاکستان نجی میڈیا اداروں کا تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، ڈاکٹر نائف العتیبی

سعودی عرب اور پاکستان نجی میڈیا اداروں کا تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، ڈاکٹر نائف العتیبی
کیپشن: Saudi Arabia and Pakistan want to increase the cooperation of private media organizations, Dr. Naif Al-Otaibi

ایک نیوز: پاکستان میں سعودی عرب کے پریس اتاشی ڈاکٹر نائف العتیبی نے کہا ہے کہ سعودی عرب چاہتا ہے کہ اس کے نجی میڈیا اداروں کا پاکستانی میڈیا اداروں سے تعاون مزید بڑھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی پریس اتاشی نے کہا کہ سعودی حکام دونوں ممالک کے نجی میڈیا اداروں کے مابین مزید تعاون چاہتے ہیں۔

ڈاکٹر نائف العتیبی نے بتایا کہ ’ہم امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے میڈیا کے اداروں بالخصوص نجی میڈیا اداروں میں تعاون مزید بڑھے گا کیونکہ یہ بہت اہم ہے اور دونوں ممالک کے لوگ پاکستان اور سعودی عرب کے ڈرامے اور فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ فلموں اور پروڈکشن کے تبادلے میں اضافہ ہو اور دونوں ممالک کے میڈیا اداروں میں ان کو نشر کیا جائے تا کہ دونوں ممالک کی ثقافت اور تاریخ کی عکاسی ایک دوسرے ملک میں ہو۔

’ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں ایسا تمام مواد نشر کریں جو دو برادر ممالک کے مابین تعلقات کو بڑھانے میں مددگار ہو اور اس کے ساتھ ساتھ ایسا مواد بھی نشر کریں جو سعودی ویژن 2030 اور اس سے مسلم امہ اور عرب ممالک کو پہنچنے والے فوائد کو فروغ دے۔‘

ڈاکٹر نائف العتيبي نے کہا کہ سعودی عرب پاکستانی میڈیا اداروں اور صحافیوں کو سعودی عرب میں ہونے والی اہم تقریبات اور کانفرنسز، خاص کر حج سیزن، قومی دن کی تقریبات اور سعودی شہروں میں ہونے والی سیاسی کانفرنسوں کی کوریج کے لیے ہمیشہ دعوت دیتا ہے۔