افغان باشندوں کے انخلاء پر تبادلہ خیال: امریکی وفود پاکستان پہنچنا شروع

Dec 04, 2023 | 12:09 PM

ایک نیوز: افغان صورتحال پر پاک امریکی مذاکرات آج سے 12 دسمبر تک اسلام آباد میں ہوں گے۔ جس کیلئے تین امریکی وفود آج سے 12 دسمبر تک پاکستان پہنچیں گے۔ 

ذرائع کے مطابق پاکستان میں مقیم امریکی ملازم 25000 افغانیوں کا معاملہ زیر بحث آئے گا۔ غیر قانونی مہاجرین کے انخلا پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ پاکستان کیخلاف دہشتگردی کیلئے افغان سرزمین استعمال ہونے پر بات چیت ہوگی۔ 

وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ افغانستان سے متعلق امریکی نمائندہ خصوصی تھامس ویسٹ جمعرات کو پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ امریکی نائب وزیرخارجہ جولیٹا والس نوئیس آج (پیر) کو پاکستان پہنچ رہی ہیں۔ اسی طرح امریکی اول نائب وزیرخارجہ الزبتھ ہورسٹ 9 دسمبر کو پاکستان کا دورہ کریں گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان متعدد معاملات پر مشاورت جاری ہے، اس مشاورتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے دوروں کا تبادلہ بھی ہوتا ہے۔ اس تناظر میں آنے والے دنوں میں اہم امریکی عہدیداروں کے پاکستان کے دورے بھی ہو رہے ہیں۔

ترجمان نے بتایا تھا کہ اسسٹنٹ سیکریٹری برائے آبادی، پناہ گزین اور ہجرت، جولیٹا والس نوئیس 4-6 دسمبر پاکستان کا دورہ کریں گی۔ افغانستان کے بارے میں خصوصی نمائندہ ٹام ویسٹ 7سے 9 دسمبر تک اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔ پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری الزبتھ ہورسٹ کا دورہ 9 سے 12 دسمبر تک ہوگا۔

بتایا گیا ہے کہ یہ دورے امریکہ کے ساتھ افغانستان کی صورتحال سمیت متعدد مسائل پر جاری مذاکرات کا حصہ ہیں۔ تاہم یہ دورے صرف افغانستان کے ساتھ مسائل تک ہی محدود نہیں ہیں۔

مزیدخبریں