بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر رئیس مما کو نجی اسپتال میں علاج کرانے کی اجازت مل گئی

بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر رئیس مما کو نجی اسپتال میں علاج کرانے کی اجازت مل گئی
کیپشن: Notorious target killer Raees Mumma was allowed to undergo treatment in a private hospital

ایک نیوز: انسداد دہشتگردی عدالت میں سانحہ چکرا گوٹھ کیس کی سماعت ہوئی۔ جس میں بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر رئیس مما کو جیل سے باہر کے اسپتال میں علاج کرانے کی اجازت مل گئی۔

تفصیلات کے مطابق عدالت نے جیل حکام کو سخت سیکیورٹی میں ملزم کو جیل کے باہر کے اسپتال میں ٹریٹمنٹ کے لئے لیجانے کی ہدایت کردی۔

دوران سماعت ایم کیو ایم لندن کے بدنام زمانہ ٹارگٹ کلر رئیس مما سمیت دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ تفتیشی افسر کی عدم حاضری پر عدالت نے اظہار برہمی کیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پر گواہوں کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

ٹارگٹ کلر رئیس مما کو جیل میں بی کلاس کی سہولیات فراہمی سے متعلق درخواست پر بھی دلائل طلب کرلیے گئے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کردی۔ 

پراسیکیوشن نے بتایا کہ مقدمے میں بدنام زمانہ ٹارگٹ کلرز رئیس عرف مما، کامران عرف مادھوری ، شاہ جہان عرف شٹن ، ظہیر عرف فنٹر سمیت 21 ملزمان شامل ہیں۔ ایم کیو ایم کے تنظیمی کمیٹی کے سابق انچارج حماد صدیقی سمیت 5 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔ 

پولیس نے عدالت کے روبرو بتایا کہ ملزم رئیس مما نے 2011 میں کورنگی میں اپنی دہشت اور اجارہ داری قائم رکھنے کیلیے چکرا گوٹھ میں پولیس وین پر حملہ کیا تھا۔