سائفر کیس:عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر 12دسمبرکو فرد جرم عائد ہوگی

Dec 04, 2023 | 10:18 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سائفر سے متعلق کیس میں سابق چیرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم 12 دسمبر کو عائد کی جائے گی۔خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں اوپن ٹرائل کی دوسری سماعت کی جبکہ ملزمان کے اہلخانہ اور وکلاء بھی آج کی سماعت پر کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

اڈیالہ جیل میں آج ہونے والی سماعت میں شاہ محمود قریشی اور سابق چیرمین پی ٹی آئی کو چالان نقول کی کاپیاں تقسیم کی گئیں۔

ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر کی جانب سے چالان نقول کی کاپیوں کی تقسیم کی درخواست کی گئی جس پر وکلاء نے مخالف کی۔

بعد ازاں خصوصی عدالت کے جج نے آئندہ سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

  عمران خان کی میڈیا ٹاک

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا سائفر کیس میں جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ اور امریکی سفارت خانے کے آفیشلز کو گواہ بناؤں گا۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے ڈونلڈ لو کے کہنے پر سب کچھ کیا، جنرل باجوہ کو عدالت بلایا جانا چاہئے۔

شاہ محمودقریشی  کی میڈیا ٹاک

شاہ محمود قریشی نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی میرے دل میں اتر چکی ہے،پی ٹی آئی میرے دل سے کوئی نہیں نکال سکتا،میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے دل میں اتر چکا ہوں،مجھے پی ٹی آئی میں کسی عہدے کی سب ضرورت نہیں۔

مزیدخبریں