ویب ڈیسک:بلوچستان کے اضلاع شیرانی اور موسیٰ خیل کے جنگلات میں آگ لگ گئی ہے،آگ بجھانے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل ذوالفقار کرار نےکہا ہےکہ آگ ضلع شیرانی اور ضلع موسیٰ خیل کے بارڈر ایریا میں لگی ہے، آگ پر قابو پانےکے لیے لیویز فورس ضروری ساز وسامان کے ساتھ پہاڑی علاقے میں پہنچ گئی ہے، آگ پر قابو پانےکے لیے فائر بالز استعمال کیے جا رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق آگ کے پھیلاؤ کے پیش نظر دو گھروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے،متاثرہ پہاڑی علاقوں تک پہنچنے کے لیے گاڑی کا راستہ نہیں ہے تاہم پیادہ لیویز پارٹی نے پہاڑی علاقے میں پہنچ کر آگ پر قابو پانےکے لیے اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
ان کا کہنا ہےکہ آپریشن ساری رات جاری رہےگا، امید ہےکہ صبح تک آگ پر قابو پالیا جائےگا، اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے سے رابطے میں ہیں، اگر غیر معمولی صورتحال پیدا ہوئی تو مدد کے لیے طلب کریں گے۔