اعظم سواتی کے وکیل کا سپریم کورٹ جانے کا اعلان

اعظم سواتی کے وکیل کا سپریم کورٹ جانے کا اعلان

ایک نیوز نیوز: تحریک انصاف کے سینیٹر اور سینئر رہنما اعظم سواتی کے وکیل نے متعدد مقدمات درج ہونے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا۔

کوئٹہ میں عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے اعظم سواتی کے وکیل اقبال شاہ نے کہا کہ ایک کیس میں متعدد ایف آئی آر کا اندراج غیر قانونی ہے، غیر قانونی اقدام کیخلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ احاطہ عدالت میں میڈیا کو جانے سے روکنا بھی غیر قانونی ہے۔

 پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق ڈپٹی اسپیکر برائے قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا کہ اعظم سواتی کو دہشتگروں کی طرح عدالت میں پیش کیا گیا اور انہیں پچھلے گیٹ سے لایا گیا، عدالت میں میڈیا کا داخلہ بھی بند کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک میں آزادی اظہار رائے کا گلہ گھونٹا جارہا ہے۔

 واضح رہے کہ کوئٹہ پولیس نے اعظم سواتی کو ڈیوٹی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جہاں پولیس نے تفتیش کے لیے 10 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی، اس پر مجسٹریٹ نے پانچ روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے گرفتار سینیٹر کو پولیس کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ جمعہ 2 دسمبر کو سینیٹر اعظم سواتی کو کوئٹہ پولیس نے گرفتار کرکے بلوچستان کی کچلاک جیل منتقل کر دیا تھا۔

سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف بلوچستان اور سندھ میں مقدمات درج ہیں جب کہ راولپنڈی جلسے میں تقریر کے بعد اعظم سواتی کے خلاف کوئٹہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس پر انہیں کوئٹہ پولیس نے گرفتار کیا۔ بلوچستان میں بھی اعظم سواتی کے خلاف متنازع ٹویٹ پر ایف آئی آرز درج ہیں۔