لاہور:11 ماہ میں بچوں کی اغوا کی 900 سے زائد وارداتیں رپورٹ

لاہور:11 ماہ میں بچوں کی اغوا کی 900 سے زائد وارداتیں رپورٹ
کیپشن: لاہور:11 ماہ میں بچوں کی اغوا کی 900 سے زائد وارداتیں رپورٹ

ایک نیوز نیوز: لاہور  پولیس کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاہور میں گزشتہ گیارہ ماہ کے دوران بچوں کے اغوا کی 9 سو سے زائد وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں، متعدد مغوی بازیاب ہوچکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ رواں سال صرف 11 ماہ میں بچوں کے اغوا کی 931 وارداتیں رپورٹ ہوئیں جن میں 898 بچے بازیاب کیے جا چکے ہیں جبکہ 33 کی تلاش جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق 75 مقدمات کی تفتیش جاری ہے، واقعات میں ملوث 96 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔صرف ماہ نومبر میں بچوں کے اغوا کی 44 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں سے 37 بچے بازیاب کرالیے گئے ہیں جبکہ بقیہ 9 بچوں کی تلاش جاری ہے۔

ایس ایس پی انویسٹیگیشن حسنین حیدر کا کہنا ہے کہ بچے گھر سے ناراض ہو کر جائیں یا لاپتہ ہوجائیں لیکن مقدمات اغوا کی دفعات کے تحت ہی درج کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بچوں کے اغوا سے متعلق بے بنیاد خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق تاحال بازیاب نہ ہونے والے 33 بچوں کی بازیابی کیلئے سی آئی اے اور انویسٹیگیشن کی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔

کچھ کیسز میں میاں بیوی کے جھگڑوں کی وجہ سے بھی بچے دونوں میں سے کسی ایک کو نہیں ملتے اور کئی معاملات میں شوہر بچوں کو بیرون ملک لے جا چکے ہیں۔