ویب ڈیسک: بنگلادیش میں طلبہ نے سول نافرمانی کی تحریک کا آغاز کر دیا پہلے روز مظاہروں میں اب تک 73 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
بنگلادیش میں طلبہ اپنے مطالبات کی عدم منظوری پر ایک بار پھر سڑکوں پر آگئے ہیں اور اس بار طلبہ نے وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے ملک میں سول نافرمانی کی تحریک کا آغاز کردیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں طلبہ سڑکوں پر موجود ہیں اور حکومت کے خلاف مظاہرے کیے جارہے ہیں، آج ہونے والے مظاہروں میں پولیس اور مظاہرین میں جھڑپوں تصادم کے دوران اب تک کم از کم 73 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق حکومت نے شام 6 بجے کے بعد غیرمعینہ مدت کا کرفیو نافذ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے جبکہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر انٹرنیٹ سروس بھی بند کردی گئی ہے، حکومت نے ملک بھر پیر سے بدھ تک عام تعطیل کا بھی اعلان کردیا ہے۔
خیال رہے کہ بنگلادیش میں 1971 کی جنگ لڑنے والوں کے بچوں کو سرکاری نوکریوں میں 30 فیصد کوٹہ دیئے جانے کے خلاف گزشتہ ماہ کئی روز تک مظاہرے ہوئے تھے جن میں 200 افراد ہلاک ہوئے جس کے بعد سپریم کورٹ نے کوٹہ سسٹم کو ختم کردیا تھا۔